تاثیر 08 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
در بھنگہ(فضاامام): یونیورسٹی کیمپس واقع جوبلی ہال میں بی ایس یو ایس سی، پٹنہ کی جانب سے سفارش کردہ اسسٹنٹ پروفیسر (کنٹریکٹ بنیاد) عہدوں کے امیدواروں کے دستاویزات کی جانچ کا عمل مکمل کیا گیا۔ اسی سلسلے میں کاؤنسلنگ کم اورینٹیشن پروگرام کا بھی انعقاد ہوا، جس میں امیدواروں کو ان کی آئندہ ذمہ داریوں، کام کے طریقۂ کار اور یونیورسٹی کی توقعات سے واقف کرایا گیا۔پروگرام کی صدارت قائم مقام رجسٹرار کم ڈی ایس ڈبلیو پروفیسر اشوک کمار مہتا نے کی۔ اس موقع پر آئی کیو اے سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء حیدر، ڈی آر-2 ڈاکٹر کمار منیش، پنشن افسر ڈاکٹر عطاؤ الرحمن اور پریس انچارج ڈاکٹر دویش کمار شرما موجود تھے۔ نظامت ڈاکٹر پریانکا رائے نے کی اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر سنجے کمار چودھری نے دستاویزات کی جانچ کے عمل کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں منعقدہ کاؤنسلنگ کم اورینٹیشن پروگرام میں ان کا پیغامِ نیک خواہشات قائم مقام رجسٹرار کم ڈی ایس ڈبلیو پروفیسر اشوک کمار مہتا نے پڑھ کر سنایا۔ وائس چانسلر نے اپنے پیغام میں اسے یونیورسٹی میں معیاری اساتذہ کی تقرری کی سمت ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے تمام امیدواروں کو ان کے مستقبل کے تعلیمی سفر کے لیے نیک خواہشات پیش کیں اور پورے عمل کو شفاف اور غیر جانب دارانہ طریقے سے مکمل کرنے پر زور دیپروفیسر اشوک کمار مہتا نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اس پورے عمل کو منظم، شفاف اور امیدواروں کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے اساتذہ کو ان کی ذمہ داریوں، کام کے طریقۂ کار اور یونیورسٹی کی توقعات سے آگاہ کیا گیا ہے اور انہیں یونیورسٹی کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔آئی کیو اے سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء حیدر نے یونیورسٹی کی شاندار تعلیمی روایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نئے مقرر ہونے والے اساتذہ اس روایت کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ڈی آر-2 ڈاکٹر کمار منیش نے اسے ریاست کے نو قائم شدہ ڈگری کالجوں میں تعلیمی استحکام لانے کی سمت ایک اہم پہل قرار دیا۔ پنشن افسر ڈاکٹر عطاؤ الرحمن نے اساتذہ سے تدریس کے ساتھ ادارہ جاتی ترقی میں بھی فعال کردار ادا کرنے کی توقع ظاہر کی۔ وہیں پریس انچارج ڈاکٹر دویش کمار شرما نے کہا کہ اس پہل سے طلبہ کو ان کے قریبی کالجوں میں ہی معیاری تعلیم کی سہولت حاصل ہو سکے گی۔دستاویزات کی جانچ کے لیے معاشیات، انگریزی، ہندی، تاریخ، سیاسیات اور سماجیات کے مجموعی طور پر 356 امیدوار مقرر تھے، جن میں 323 امیدوار حاضر ہوئے جبکہ 33 غیر حاضر رہے۔ موضوع وار حاضری کے مطابق معاشیات میں 58 میں سے 52، انگریزی میں 58 میں سے 51، ہندی میں 60 میں سے 56، تاریخ میں 60 میں سے 58، سیاسیات میں 60 میں سے 53 اور سماجیات میں 60 میں سے 53 امیدوار حاضر ہوئے۔اس موقع پر ہندی مضمون کے امیدوار پریانشو کمار نے تمام امیدواروں کی جانب سے دستاویزات کی جانچ اور اورینٹیشن پروگرام کے کامیاب انعقاد پر یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور شفاف و منظم انتظامات کی ستائش کیپروگرام مکمل طور پر پُرامن اور منظم ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔

