تاثیر 31 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
باڑھ، پٹنہ۔ معروف اردو ادیب، نقاد اور مفکر پروفیسر وہاب اشرفی کی شہرۂ آفاق خودنوشت ’قصہ بے سمت زندگی کا‘ اب ہندی قارئین تک پہنچنے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت سے ہمکنار ہے۔ اس اہم ادبی تصنیف کے ہندی ترجمے کی ذمہ داری اے۔ این۔ ایس۔ کالج، باڑھ کے شعبۂ اردو کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد ضمیر رضا کو سونپی گئی ہے۔ یہ ذمہ داری پروفیسر وہاب اشرفی کے فرزند پروفیسر انجم اشرفی اور اے۔ این۔ ایس۔ کالج، باڑھ کے پرنسپل پروفیسر ششی پرتاپ شاہی نے مشترکہ طور پر ڈاکٹر محمد ضمیر رضا کو سونپی ہے۔
پروفیسر انجم اشرفی تاریخ کے پروفیسر ہیں۔ اپنے والد پروفیسر وہاب اشرفی کی ادبی میراث کو وسیع حلقۂ قارئین تک پہنچانا ان کی ایک عرصے سے خواہش رہی ہے۔ ان کی خصوصی خواہش تھی کہ ان کے والدِ محترم کی خودنوشت ’قصہ بے سمت زندگی‘ کا ہندی ایڈیشن بھی شائع ہو، تاکہ ہندی کے قارئین پروفیسر وہاب اشرفی کی زندگی، ادبی سفر، افکار، تنقیدی بصیرت اور تجربات سے واقف ہو سکیں۔ اسی خواہش کو عملی جامہ پہنانے کی سمت میں یہ اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔
’قصہ بے سمت زندگی کا‘ محض ایک خودنوشت نہیں بلکہ پروفیسر وہاب اشرفی کی زندگی، شخصیت اور ان کے عہد کے ادبی ماحول کی ایک اہم دستاویز بھی ہے۔ اس میں ان کی ذاتی زندگی کے مختلف مراحل، ادبی و فکری سفر، تنقیدی فکر، معاصر ادبی ماحول اور زندگی سے وابستہ متعدد اہم واقعات کی جیتی جاگتی عکاسی ملتی ہے۔ اس کے ہندی ترجمے سے پروفیسر وہاب اشرفی کی ادبی اور فکری دنیا کو وسیع ہندی حلقۂ قارئین تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔
ڈاکٹر محمد ضمیر رضا اے۔ این۔ ایس۔ کالج، باڑھ کے شعبۂ اردو میں اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر فائز ہیں۔ انہوں نے اپنے تحقیقی کام کے دوران پروفیسر وہاب اشرفی کی خودنوشت ’قصہ بے سمت زندگی کا ‘ موضوعاتی اور اسلوبیاتی مطالعہ بھی کیا ہے۔ اس وجہ سے وہ اس تصنیف کے موضوع، اسلوب، فکری پس منظر اور ادبی خصوصیات سے بخوبی واقف ہیں۔ ان کا سابقہ تحقیقی مطالعہ اس اہم تصنیف کے ہندی ترجمے میں خصوصی طور پر مفید ثابت ہوگا۔
کالج کے پرنسپل پروفیسر ششی پرتاپ شاہی نے کہا کہ اردو کی اہم اور معیاری تصانیف کا ہندی میں ترجمہ، ہندی اور اردو ادب کے درمیان ایک مضبوط پل تعمیر کرتا ہے۔ اس طرح کی کوششیں دونوں زبانوں کے قارئین کو ایک دوسرے کی ادبی اور فکری روایات سے واقف کرانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’قصہ بے سمت زندگی کا‘ کا ہندی ترجمہ پروفیسر وہاب اشرفی کی ادبی خدمات اور ان کے فکری اثاثے کو ہندی قارئین تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ دونوں زبانوں کے ادبی رشتوں کو مزید مستحکم کرے گا۔

