تاثیر 29 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بیر بھوم، 29 اگست: تقریباً چھ ماہ سے بیٹی کے لاپتہ ہونے کے بعد ایک باپ مسلسل اس کی تلاش میں در در بھٹک رہا ہے۔ پولیس میں شکایت، مختلف علاقوں میں تلاش اور سی آئی ڈی کی مدد کے باوجود اب تک بیٹی کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔ بیٹی کی تلاش میں پریشان والد اردھندو سنگھ اب وزیر اعلیٰ سے مدد کی امید لے کر تاراپیٹھ پہنچے ہیں۔
اردھندو سنگھ اپنی لاپتہ بیٹی امرتا سنگھ کی تصویر والا پلے کارڈ لے کر تاراپیٹھ پہنچے۔ انہیں اطلاع ملی تھی کہ وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری تاراپیٹھ میں ماں تارا کے درشن کے لیے آنے والے ہیں۔ اسی امید میں وہ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرکے اپنی بیٹی کو تلاش کرنے کی فریاد کرنا چاہتے ہیں۔
اردھندو سنگھ نے کہا، ’’تقریباً چھ ماہ سے میری بیٹی لاپتہ ہے۔ وہ کہاں گئی، کیسی ہے، کچھ بھی معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ کئی بار پولیس کے پاس گیا، لیکن کسی طرح کی مدد نہیں مل سکی۔ وزیر اعلیٰ کے جنتا دربار میں جانے کی بھی کوشش کی تھی، لیکن وہاں نہیں پہنچ سکا۔ گھر میں بیوی بھی بیمار ہے اور میں بیٹی کی تلاش میں مسلسل سڑکوں پر بھٹک رہا ہوں۔ وزیر اعلیٰ کو ایک خط دے کر بیٹی کو تلاش کرنے کی فریاد کرنا چاہتا ہوں۔‘‘
اطلاعات کے مطابق، اردھندو سنگھ کی بیٹی امرتا سنگھ 13 مارچ سے لاپتہ ہیں۔ واقعے کے بعد سیوڑی تھانے میں تحریری شکایت درج کرائی گئی تھی۔ معاملے کی تفتیش میں پولیس کے ساتھ ساتھ سی آئی ڈی کی بھی مدد لی گئی، لیکن اب تک امرتا کا کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے۔

