غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق ایف سی آر اے ترمیمی بل جے پی سی کو بھیجا گیا

تاثیر 12 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 12 اگست: لوک سبھا میں بدھ کو ’غیر ملکی عطیات (ضابطہ) ترمیمی بل، 2026‘ کو پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی (جے پی سی) کے سپرد کر دیا گیا۔ مشترکہ کمیٹی میں لوک سبھا کے 21 اور راجیہ سبھا کے 10 ارکان شامل ہوں گے۔ ان ارکان کو لوک سبھا اسپیکر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین نامزد کریں گے۔
مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیا نند رائے نے آج بل کو مشترکہ کمیٹی کے سپرد کرنے کی تجویز پیش کی۔ اپوزیشن جماعتوں نے بل واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ حکمراں جماعت کی جانب سے کہا گیا کہ یہ بل اقلیتوں کے خلاف نہیں ہے۔ اس کے بعد بل کو صوتی ووٹ سے جے پی سی کے سپرد کرنے کی تجویز منظور کر لی گئی۔
بل کی مخالفت کرتے ہوئے کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال نے کہا کہ اس سے اقلیتی اداروں کی غیر ملکی فنڈنگ رک جائے گی۔ سماج وادی پارٹی کے لیڈر اکھلیش یادو نے اسے اقلیتوں کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری اپوزیشن اس بل کی مخالفت کر رہی ہے۔ ڈی ایم کے لیڈر ٹی آر بالو نے بھی بل واپس لینے کا مطالبہ کیا۔