اسکول میں خاتون ٹیچر کا بے دردی سے قتل کر دیا گیا

تاثیر 03 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

فرید آباد، 3 اگست: پیر کے روز سکرونا گاؤں میں ایک نجی اسکول کی خاتون ٹیچر کو دن کی روشنی میں چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ پولیس چوکی سے چند میٹر کے فاصلے پر پیش آیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی کئی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تفتیش شروع کر دی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔ جاں بحق خاتون کی شناخت سکرونا گاؤں کے ایک نجی اسکول کی ٹیچر کے طورپرہوئی ہے۔پیر کی صبح وہ ہمیشہ کی طرح بچوں کو پڑھانے کے لیے اسکول پہنچی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق کچھ دیر بعد ایک نوجوان منہ پر کپڑا ڈال کر اسکول پہنچا اور ٹیچرسے ملنے کو کہا۔ اسکول کے عملے نے سندھیا کو اس کی اطلاع دی۔ جیسے ہی وہ نوجوان سے ملنے کے لیے اسکول کے مرکزی دروازے پر پہنچی، ملزم نے اچانک اس پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ ملزم نے اس کی گردن اور جسم کے دیگر حصوں پر متعدد وار کیے، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی اور موقع پر ہی گر گئی۔ شور سن کر اسکول منیجر تیجپال اور دیگر عملہ موقع پر پہنچ گیا اور ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی۔