تاثیر 05 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نوئیڈا، 5 اگست: نوئیڈا کے بیٹا-2 تھانے کی پولیس نے دہلی کے ایک جیولر کے منیجر اور ملازم سے اسلحہ کے زور پر تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور خام چاندی لوٹنے والے پانچ ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے لوٹا گیا مال، واردات میں استعمال ہونے والی کار، ایک دیسی پستول اور کارتوس بھی برآمد کیے ہیں۔
پولیس کے ڈپٹی کمشنر (زون سوم) روی شنکر نیم نے بتایا کہ 2 اگست کو دہلی کے رہائشی جیولر کے منیجر رام پرکاش شرما نے بیٹا-2 تھانے میں شکایت درج کرائی تھی کہ وہ اپنے ایک ساتھی کے ساتھ کار میں خام چاندی اور سونے کے زیورات لے کر دہلی سے آگرہ جا رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ پری چوک کے قریب کار سوار تین افراد نے ان کی گاڑی کو اوور ٹیک کر کے روک لیا اور الزام لگایا کہ ان کی گاڑی کو ٹکر ماری گئی ہے۔ ملزموں نے شکایت کنندہ اور ڈرائیور کو اپنی گاڑی میں بٹھا لیا، جبکہ ان کی گاڑی کو ایک ساتھی چلا کر پیچھے لے جانے لگا۔

