تاثیر 31 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھاگلپور، 31 اگست: بہار کے بھاگلپور ضلع کے سبور بلاک میں گنگا ندی کے بڑھتے پانی اور شدید کٹاؤ نے کئی علاقوں میں تباہی مچا دی ہے۔ بلاک کی دو مختلف پنچایتوں میں سیلاب اور کٹاؤ کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ فرکا پنچایت کے انگلش گاؤں میں گنگا کے شدید کٹاؤ کی زد میں کئی مکانات آچکے ہیں، جبکہ راجندی پور پنچایت کے سنت نگر بگدر میں سیلابی پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی متاثر ہیں۔مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے خاطر خواہ امداد نہیں پہنچائی جا رہی، جس کی وجہ سے لوگوں میں شدید تشویش اور ناراضی پائی جاتی ہے۔
سبور بلاک کی فرکا پنچایت کے تحت انگلش گاؤں میں گنگا کی سطح آب میں اضافے کے ساتھ کٹاؤ تیز ہوگیا ہے۔ کٹاؤ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پیر کی صبح گاؤں کے رہائشی اتواری ساہ کا دو منزلہ مکان اچانک گنگا میں جاگرا۔ اس کے علاوہ رنجیت تانتی، چھوٹو تانتی، دیپک تانتی اور دھنیشور تانتی سمیت کئی دیگر لوگوں کے مکانات بھی کٹاؤ کی زد میں ہیں۔گاؤں میں کٹاؤ کے باعث خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ متعدد خاندان اپنے مکانات خالی کرکے ضروری سامان محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ اگر کٹاؤ کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو گاؤں کا بڑا حصہ گنگا کی نذر ہو سکتا ہے۔ ایک مقامی خاتون نے کہا کہ کٹاؤ مسلسل بڑھ رہا ہے، لیکن حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے اب تک اس کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات شروع نہیں کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق کئی گھروں میں بچے اور بزرگ موجود ہیں، جبکہ پانی بڑھنے کے باعث سانپ اور دیگر زہریلے جاندار بھی آبادی میں داخل ہونے لگے ہیں، جس سے کسی ناخوشگوار واقعے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

