ڈوڈہ میں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں فْل ڈریس ریہرسل کا انعقاد

تاثیر 13 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں، 13 اگست: یومِ آزادی کی 80ویں سال کی تقریبات کے سلسلے میں جمعرات کو اسپورٹس اسٹیڈیم ڈوڈہ میں فْل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں طلبہ، حفاظتی دستوں، افسران، سرکاری ملازمین اور عام لوگوں نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ ریہرسل کا آغاز قومی پرچم لہرانے اور قومی ترانے سے ہوا، جبکہ ’وندے ماترم‘بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر اس قومی نغمے کے 150 برس مکمل ہونے کی مناسبت سے خصوصی پیشکش کی گئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ انل کمار ٹھاکر نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے پریڈ کا معائنہ کیا اور مارچ پاسٹ دستوں سے سلامی لی۔ پریڈ میں سی آر پی ایف، ایس ایس بی، جموں و کشمیر مسلح پولیس، جموں و کشمیر پولیس، پولیس حفاظتی دستے، این سی سی کیڈٹس اور مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ نے حصہ لیا۔ پریڈ کے دوران دستوں کی منظم ترتیب، ہم آہنگ قدم اور نظم و ضبط نے حاضرین کو متاثر کیا۔ جموں و کشمیر پولیس اور مختلف اسکولوں کے بینڈ نے بھی حب الوطنی سے بھرپور دھنیں پیش کیں۔