نیپال-بنگلہ دیش کے راستے پاکستان تک حوالہ نیٹ ورک، بنگال ایس ٹی ایف کی جانچ کے دائرے میں پردیپت

تاثیر 22 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 22اگست:پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے شبہ میں دہلی سے گرفتار کئے گئے سلی گوڑی کے رہائشی پردیپت کمار سرکار کو لے کر مغربی بنگال پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کی تحقیقات میںکئی اہم معلومات کا انکشاف ہوا ہے۔ تفتیشی ایجنسیوں کے مطابق، پردیپت ایک حوالہ نیٹ ورک میں ملوث تھا اور بنگلہ دیش کے راستے پاکستان سے منسلک افراد تک رقم پہنچانے میں اس کا کردار تھا۔ تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ حوالہ کے ذریعے بھیجی گئی یہ رقم پھر پاکستانی جاسوسوں اور ان کے سلیپر سیل تک پہنچتی تھی۔
اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کے مطابق، پردیپت اس نیٹ ورک کے لیے ایک خصوصی موبائل سم کارڈ کا استعمال کر تا تھا۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ سم کارڈ پاکستان سے چلایا جا رہا تھا۔ ایس ٹی ایف نے پردیپت سے برآمد شدہ سم کارڈ کو فارنسک جانچ کے لیے بھیج دیا ہے۔ تفتیش کار اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ سم کارڈ کس نے آپریٹ کیا اور کون اس سے رابطہ کر رہا تھا۔