تاثیر 29 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 29 اگست: دہلی کے جنوبی مشرقی ضلع کے کالندی کنج علاقے میں 38 سالہ نوجوان کے قتل کا معمہ پولیس نے سلجھا لیا ہے۔ سنسنی خیز واردات میں پولیس نے مقتول کے 64 سالہ والد تعلقدار انصاری اور اس کے ساتھی 49 سالہ محمد وسیم عرف اکرم کو گرفتار کیا ہے۔ الزام ہے کہ دونوں نے نوجوان کو ڈاکٹر کے پاس لے جانے کے بہانے سنسان مقام پر واقع ایک پرانے کنٹینر میں پہنچایا۔ وہاں وسیم نے پتھر سے اس کے سر پر وار کیا، جبکہ والد نے بھی اس پر حملہ کیا۔ اس کے بعد کپڑے سے بنی رسی کے ذریعے گلا گھونٹ کر اس کا قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر واردات میں استعمال کیا گیا پتھر، خون آلود کپڑے اور گلا گھونٹنے میں استعمال کی گئی کپڑے کی رسی برآمد کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق، 23 اگست کی شام تقریباً 7:13 بجے کالندی کنج تھانہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ این ٹی پی سی کی دیوار کے قریب، دہلی-ممبئی ایکسپریس وے سے تقریباً 500 میٹر مشرق میں اور کچی کالونی کی گلی نمبر-1 کے نزدیک ایک پرانے کنٹینر میں ایک شخص کی لاش پڑی ہے۔ مقامی سطح پر اس کنٹینر کو ’ببلو کا کنٹینر‘ کہا جاتا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او کالندی کنج پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ اعلیٰ افسران نے بھی جائے واردات کا معائنہ کیا۔

