ایران کا امریکی ایم کیو-9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ، آبنائے ہرمز میں کشیدگی میں اضافہ

تاثیر 31 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

تہران،31اگست: ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز کے قریب فضائی دفاعی نظام کے ذریعے امریکی ایم کیو-9 ڈرون کو مار گرایا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق ڈرون کارروائی کے بعد خلیجی سمندر میں جا گرا۔پاسدارانِ انقلاب کے مطابق امریکی ڈرون کو فضائی دفاعی میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ تاہم امریکی حکام کی جانب سے تاحال اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز اور خطے میں فوجی کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اس سے قبل امریکہ نے ایران کے لارک جزیرے پر فضائی حملہ کیا تھا۔ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق امریکی فوج نے اتوار کے روز جزیرے پر موجود ایرانی میزائل لانچرز کو نشانہ بنایا۔امریکی عہدیدار نے الزام عائد کیا تھا کہ پاسدارانِ انقلاب کے اہلکار لارک جزیرے سے آبنائے ہرمز میں موجود سمندری بارودی سرنگوں کے علاقے کی جانب راکٹ داغنے کی تیاری کر رہے تھے۔امریکی حملے کے بعد پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے خبردار کیا تھا کہ امریکہ کو لارک جزیرے پر حملے کی قیمت معاشی اور عسکری، دونوں محاذوں پر ادا کرنا پڑے گی۔