تاثیر 28 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 28/ اگست (ملا جسیم الدین) کولکاتا پولیس کے صدر دفتر لال بازار میں جمعہ کی صبح ’’راکھی بندھن اتسو‘‘ کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کولکاتا پولیس کمشنر اجے کمار نند سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران، ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ اور شہر کے مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز کولکاتا پولیس کے اپنے آرکسٹرا گروپ کی جانب سے حب الوطنی کے نغموں کی پیشکش سے ہوا۔ سب سے پہلے ’’وندے ماترم‘‘، اس کے بعد ’’بنگلار مٹی، بنگلار جل‘‘ اور ’’جن گن من‘‘ پیش کیا گیا، جس سے تقریب کا ماحول حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہوگیا۔
اپنے استقبالیہ خطاب میں پولیس کمشنر اجے کمار نند نے رکھی بندھن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے پولیس کے محافظانہ کردار کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کولکاتا پولیس ہمیشہ شہر کے باشندوں کی خوشی اور غم میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی مصیبت کے وقت عوام کی حفاظت اور مدد کے لیے پوری طرح سرگرم رہے گی۔
اس موقع پر ایک سماجی و تعلیمی تنظیم کی جانب سے اسٹیج پر موجود مہمانوں کو رکھی باندھی گئی اور مٹھائی کھلا کر تہوار کی خوشیاں بانٹی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر درگا اسکواڈ کی جانب سے رکھی بندھن اتسو کے پیغام کو عام کرنے کے لیے تیار کیے گئے خصوصی تشہیری ٹیبلو کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔

