تاثیر 01 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سرینگر، یکم اگست: کولگام دہشت گردانہ حملے میں مرنے والے مزدوروں کی تعداد بڑھ کر اس وقت دو ہو گئی، جب ایک اور زخمی غیر مقامی مزدور ہفتہ کو اسکمز صورہ اسپتال سرینگر میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ دہشت گردوں نے جمعہ کی شام جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے کیلم گاؤں میں دو غیر مقامی مزدوروں پر فائرنگ کی تھی۔ اس دہشت گردانہ حملے میں پہلے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ میں ایک مزدور کی موت ہوگئی، جب کہ خصوصی علاج کے لیے اسکمز صورہ ریفر کیا گیا دوسرا مزدور ہفتے کے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
مرنے والوں کی شناخت دیپک رترے (24) ولد اوما شنکر اور بوپندر (28) ولد دسرر کے طور پر کی گئی ہے۔ دونوں چھتیس گڑھ کے رہنے والے تھے اورکشمیر میں مزدور کے طور پر کام کرتے تھے۔ اہلکار نے بتایا کہ حملے کے فوراً بعد، سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

