تاثیر 05 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ایم ایل سی سنجے سنگھ کو یادداشت
سیتامڑھی: (مظفر عالم)
مدرسہ و سنسکرت شکشک سنگھ کے ایک وفد نے آج معزز ایم ایل سی پروفیسر سنجے سنگھ سے ملاقات کرکے انہیں ایک یادداشت (میمورنڈم) پیش کی، جس میں مدرسہ اور سنسکرت اساتذہ کی گزشتہ پانچ ماہ سے زیرِ التوا تنخواہوں کے فوری اجراء کا مطالبہ کیا گیا۔
اس موقع پر ایم ایل سی پروفیسر سنجے سنگھ نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس مسئلے کو پہلے بھی قانون ساز کونسل (ایوان) میں بھرپور انداز میں اٹھا چکے ہیں اور آئندہ بھی اساتذہ کے حق میں مضبوطی کے ساتھ آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملازم کی تنخواہ روکنا ہرگز مناسب نہیں ہے اور متعلقہ محکمہ کو چاہیے کہ مدرسہ و سنسکرت اساتذہ کی رکی ہوئی تنخواہیں بلا تاخیر جاری کرے۔
یادداشت پیش کرنے والے وفد میں آل بہار مدرسہ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر مولانا مطیع الرحمن قاسمی، سیکریٹری مولانا نورالاسلام قاسمی، مولانا ابوبکر قاسمی، ماسٹر صدام، ماسٹر محمد ارشاد نیّر اور احسن الہدیٰ سمیت دیگر اساتذہ و نمائندگان شامل تھے۔
وفد نے امید ظاہر کی کہ حکومت اس معاملے پر فوری توجہ دیتے ہوئے اساتذہ کی زیرِ التوا تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائے گی، تاکہ انہیں درپیش مالی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

