تعلیمی وزیر سے اساتذہ کے وفد کی ملاقات، تبادلہ، ترقی اور دیگر زیر التوا مسائل کے حل کی یقین دہانی

تاثیر 05 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سیتامڑھی: (مظفر عالم)
اساتذہ کے مختلف زیر التوا مسائل کے حل کے مطالبے کو لے کر ابتدائی اساتذہ فلاحی سنگھ، بہار کے ریاستی صدر ششی رنجن سمن اور جے ڈی یو کے ریاستی ترجمان ابھیشیک جھا کی قیادت میں اساتذہ کے ایک وفد نے سکریٹریٹ واقع وکاس بھون میں بہار کے وزیرِ تعلیم متھیلیش کمار تیواری سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ریاستی صدر ششی رنجن سمن نے بہار تبادلہ ضابطۂ 2026 کے تحت معیاری عملی طریقۂ کار (SOP) میں سرپلس اساتذہ کی تقرری، ہیڈ ٹیچروں کے باہمی تبادلے میں مضمون کی لازمی شرط ختم کرنے اور گریجویٹ گریڈ میں ترقی دے کر سرپلس اساتذہ کی کمی دور کرنے کی تجویز پیش کی۔ وفد نے وزیرِ تعلیم کو اساتذہ کے مختلف زیر التوا مسائل سے متعلق الگ الگ یادداشتیں بھی پیش کیں۔ ان میں بلدیاتی اداروں کے اساتذہ کی برسوں سے رکی ہوئی ترقی، اختیاری تبادلہ، گریجویٹی کی ادائیگی، خصوصی اساتذہ اور ہیڈ ٹیچروں کو بھی ترقی کا فائدہ دینے، خصوصی اساتذہ، ودیالیہ ادھیاپک، ہیڈ ٹیچر اور ہیڈ ماسٹر کی وفات کے بعد ان کے اہلِ خانہ کو سات لاکھ روپے کی امداد فراہم کرنے، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں غیر تربیت یافتہ اساتذہ کی رکی ہوئی تنخواہوں کی جلد ادائیگی اور ایس سی ای آر ٹی کے او ڈی ایل کورس میں ناکام غیر تربیت یافتہ اساتذہ کے لیے منعقد خصوصی امتحان کا نتیجہ جلد جاری کرنے کا مطالبہ شامل تھا۔
وزیرِ تعلیم متھیلیش کمار تیواری نے وفد کو یقین دلایا کہ اساتذہ کا تبادلہ مکمل طور پر اختیاری ہوگا۔ سرپلس اساتذہ اپنی پسند کے مطابق اختیارات کا انتخاب کریں گے، اور اگر کسی استاد کو اس کی پسند کی جگہ نہیں ملتی تو اسے زبردستی منتقل نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے دیگر تمام مطالبات پر بھی جلد تفصیلی بات چیت کر کے مثبت حل کی سمت میں اقدامات کرنے کا یقین دلایا۔
اس موقع پر ابتدائی اساتذہ فلاحی سنگھ کے ترہت تنظیمی انچارج اعجاز احمد اور سیتامڑھی ضلع کے خزانچی محمد تنویر احمد بھی موجود تھے۔