سسرال میں شادی شدہ خاتون کی مشتبہ حالات میں موت، میکے والے نے لگایا قتل کا الزام

تاثیر 10 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کشن گنج، 10 اگست: کو چادھامن بلاک کے مجگما پنچایت کے تحت پریال پور گاو?ں میں پیر کی صبح مشتبہ حالات میں ایک شادی شدہ خاتون کی موت ہوگئی ۔ متوفی کی شناخت مہروما خاتون ساکن وارڈ نمبر 20، پرانا کھاگرا، کشن گنج شہر کے طور پر ہوئی ہے۔ سسرال میں خاتون کی مشتبہ حالت میں ملنے کی اطلاع پر میکے کے لوگ موقع پر پہنچے۔لواحقین نے محمد احسان سمیت سسرال والوں پر قتل کا الزام لگاتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اہل خانہ کے مطابق مہروما کو شادی کے بعد سے ہی سسرال میں مبینہ طور پر ہراساں کیا جاتا تھا۔ متوفی کی بہن اور خاندان کے دیگر افراد نے الزام لگایا کہ اسے جہیز کے مطالبے پر بھی مارا پیٹا جاتا تھا۔وارڈ کونسلر کے نمائندے صفی احمد نے بتایا کہ میاں بیوی میں گزشتہ ایک یا دو سال سے اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ اس سے قبل دونوں فریقوں کے درمیان ناجائز تعلقات اور جہیز کے مطالبات کے حوالے سے پنچایت بھی ہوئی تھی۔