تاثیر 24 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور): جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر نکالے جانے والے جلوسِ محمدی ﷺ کو پُرامن اور خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر کرانے کے سلسلے میں پیر کے روز گَلگلیا تھانہ احاطے میں تھانہ صدر راجیش کمار کی صدارت میں امن کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں پولیس افسران کے علاوہ عوامی نمائندوں، سماجی کارکنوں اور مختلف طبقات کے معزز افراد نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر نکلنے والے جلوس کے روٹ، سکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ اور جلوس کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پولیس انتظامیہ کی جانب سے موجود افراد سے اپیل کی گئی کہ جلوس کے دوران انتظامیہ کی جانب سے مقررہ راستے اور ضوابط کی پابندی کریں اور کسی بھی طرح کی افواہ پر توجہ نہ دیں۔ پولیس افسران نے کہا کہ تہوار باہمی بھائی چارے، محبت اور آپسی ہم آہنگی کا پیغام دیتے ہیں۔ اس لیے تمام طبقات کے لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے تہوار کو پُرامن انداز میں منائیں۔ جلوس کے دوران ڈی جے، قابلِ اعتراض نعروں یا ایسی کسی بھی سرگرمی سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی، جس سے سماجی ہم آہنگی متاثر ہو سکتی ہے۔ آخر میں افسران نے تمام لوگوں سے مل جل کر جشنِ عید میلاد النبی ﷺ منانے اور گَلگلیا علاقے میں امن، بھائی چارے اور آپسی ہم آہنگی کا ماحول برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر بی جے پی لیڈر ارون کمار سنگھ، مکھیا نمائندہ منّا سنگھ، گنیش رائے، محمد محبوب عالم، جمشید عالم، مفیض عالم، آفتاب، منّا مشتاق، وسیم اکرم سمیت درجنوں معزز افراد موجود تھے۔

