تاثیر 09 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 9 اگست:دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) نے اتوار کو ڈی ایل ایف مڈ ٹاؤن پلازا، شیواجی مہاراج مارگ، کرم پورہ صنعتی علاقہ، موتی نگر میں ’راہ گیری دیوس کا انعقاد کیا۔ پروگرام کا مقصد شہریوں میں سڑک تحفظ، صفائی اور کچرے کی علیحدگی کے تئیں بیداری پیدا کرنا تھا۔
پروگرام کا انعقاد سینٹرل زون (کرول باغ) کے ڈپٹی کمشنر دلکش مینا کی قیادت میں راہ گیری فاؤنڈیشن اور کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ کے تعاون سے کیا گیا۔ پروگرام میں 300 سے زائد شہریوں، جن میں تقریباً 100 سے 150 اسکولی طلبہ شامل تھے، نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ شہریوں اور طلبہ کی شرکت کے لیے سائیکلنگ، فٹنس سرگرمیوں، انٹرایکٹو گیمز اور بیداری پروگرام سمیت مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔
پروگرام کے دوران سڑک تحفظ، صفائی، کچرے کی علیحدگی اور ذمہ دارانہ کچرا انتظام کے سلسلے میں بیداری پیدا کرنے پر خصوصی زور دیا گیا۔ سوچھ بھارت مشن کے تحت شہریوں کو گھر سے ہی کچرے کو الگ کرنے اور عوامی مقامات کو صاف رکھنے کے لیے ترغیب دی گئی۔

