اسپین سے 48 ہزار سے زائد تارکین وطن مراکش واپس لوٹے

تاثیر 01 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

میڈرڈ، یکم اگست: شمالی افریقہ میں واقع اسپین کے خودمختار علاقے سیوٹا میں تارکینِ وطن کی بڑی تعداد میں آمد کے بعد صورتحال بتدریج معمول پر آنا شروع ہو گئی ہے۔ ہسپانوی حکومت کے مطابق سرحد عبور کرنے والے تقریباً 60 ہزار تارکینِ وطن میں سے 48 ہزار 300 سے زائد افراد رضاکارانہ طور پر واپس مراکش لوٹ چکے ہیں۔
فرانسیسی سرکاری بین الاقوامی نیوز چینل فرانس 24 کے مطابق اسپین کی وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ جمعرات کی صبح سے ہزاروں افراد خشکی اور سمندر کے راستے سیوٹا پہنچے، جس کے باعث علاقے میں افراتفری اور انسانی بحران جیسی صورتحال پیدا ہو گئی۔
صورتحال پر قابو پانے کے لیے مراکش کی سکیورٹی فورسز نے سرحدی علاقوں میں لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا اور مزید تارکینِ وطن کو سرحد عبور کرنے سے روکنے کی کوشش کی۔