حضرت امام حسینؓ کے چہلم (اربعین) پر مدنی پور میں مجلسِ عزا، امنِ عالم کے لیے خصوصی دعا

تاثیر 05 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مدنی پور، 5 اگست (محمد نعیم) سید الشہداء حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کے چہلم (اربعین) کی مناسبت سے مدنی پور کے بزمِ حسنین کے زیر اہتمام الحسینی امام بارگاہ میں مجلسِ عزا کا انعقاد کیا گیا۔ یہ روحانی و مذہبی تقریب 21 صفر المظفر بمطابق 4 اگست 2026 بروز منگل شام منعقد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
تقریب میں روضۂ اقدس کے پیر صاحب حضرت سید مترشد علی القادری، مولانا غلام ارشاد صدیقی، حاجی عبدالرشید، عبید الرسول اور فضل الحق سمیت متعدد معزز شخصیات شریک ہوئیں۔ مجلس کی نظامت سید آفتاب الحسینی اور سید منہاج الحسینی نے انجام دی۔
اس موقع پر مدنی پور شہر کے علاوہ کیش پور، گھاٹال، چندرکونا ٹاؤن اور گڑھ بیتا کے مختلف قافلوں اور تعزیہ کمیٹیوں کو امام بارگاہ کی جانب سے “عزادارِ حسین” کے اعزازی اسناد سے نوازا گیا۔ نیز قادری ٹائمز کے 1448 ہجری کے سالانہ کیلنڈر کی بھی رسمِ اجرا انجام دی گئی۔
تقریب کے اختتام پر عالمِ اسلام اور پوری انسانیت کے امن، بھائی چارے اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس میں حاضرین نے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کی۔