سنیترا پوار سے متعلق بیان پر ناندیڑ میں راشٹروادی کانگریس کا احتجاج

تاثیر 05 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ناندیڑ، 5 اگست:مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار کے بارے میں مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال اور سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان کے مبینہ توہین آمیز بیان کے خلاف راشٹروادی کانگریس پارٹی نے ناندیڑ میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کے بیانات کی سخت مذمت کی۔رکن اسمبلی پرتاپ چکھلیکر کی قیادت میں مہاتما پھولے مجسمہ، آئی ٹی آئی کارنر پر کارکنوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کانگریس رہنماؤں پر خواتین کی توہین اور غیر ذمہ دارانہ زبان استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔
مقررین نے کہا کہ خواتین عوامی نمائندوں کا احترام مہاراشٹر کی تہذیبی روایت کا حصہ ہے اور اس کا ہر صورت تحفظ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مہاوکاس اگھاڑی کے رہنما سیاسی اختلاف کی آڑ میں خواتین رہنماؤں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جو ناقابل قبول ہے۔راشٹروادی کانگریس کے رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر خواتین عوامی نمائندوں کے خلاف اس طرح کے بیانات کا سلسلہ بند نہ ہوا تو پارٹی پورے مہاراشٹر میں احتجاج کا دائرہ وسیع کرے گی اور اس کا بھرپور سیاسی جواب دے گی۔