تاثیر 05 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 5 اگست :الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر میں ووٹر فہرست کی خصوصی جامع نظرثانی (اسپیشل اِنٹینسیو ریویڑن) ‘ایس آئی آر ‘کے شیڈول میں ترمیم کرتے ہوئے نیا پروگرام جاری کر دیا ہے۔ کمیشن نے 4 اگست 2026 کو جاری کردہ احکامات کے مطابق نظرثانی کا نیا شیڈول نافذ کیا ہے۔ترمیم شدہ پروگرام کے مطابق 30 جون سے 17 اگست 2026 تک بوتھ لیول افسران (بی ایل او) گھر گھر جا کر ووٹروں کی جانچ اور تصدیق کریں گے۔ اس کے بعد 17 اگست کو پولنگ مراکز کی ازسرنو ترتیب اور ضرورت کے مطابق تنظیمِ نو کا عمل انجام دیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق 24 اگست 2026 کو ابتدائی ووٹر فہرست شائع کی جائے گی۔ اس کے بعد 24 اگست سے 23 ستمبر 2026 تک ووٹر اپنے نام شامل کرانے، اندراج میں اصلاح کرانے یا اعتراضات داخل کرانے کے لیے درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔کمیشن کے مطابق موصول ہونے والے دعوؤں اور اعتراضات کی سماعت اور ان پر فیصلہ 24 اگست سے 22 اکتوبر 2026 کے درمیان کیا جائے گا۔ تمام کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد 27 اکتوبر 2026 کو ووٹر فہرست کا حتمی ایڈیشن شائع کیا جائے گا۔

