راجیو گاندھی کے یومِ پیدائش پر راہل گاندھی نے ’سوراج‘ کے تصور کو لے کر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا

تاثیر 20 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 20 اگست: کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے 82ویں یومِ پیدائش کے موقع پر نوجوانوں، تعلیمی نظام اور جمہوری حقوق کے حوالے سے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں نظریاتی لڑائی اس بات پر ہے کہ ایک گروہ نے یہ طے کر لیا ہے کہ صرف وہی پورے ملک کے لیے سچ جانتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ طلباء پر ہر روز حملے ہو رہے ہیں۔
راجیو گاندھی کے 82ویں یومِ پیدائش کے موقع پر نئی دہلی کے جواہر بھون میں منعقدہ ’ہرا بھرا سوراج: اے ٹریبیوٹ ٹو راجیو گاندھیز وژن‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ اگر کوئی طالب علم ان کے پاس آتا ہے تو وہ یہ مانتے ہیں کہ طالب علم اپنی سچائی کو خود زیادہ بہتر جانتا ہے۔ ان کا کام اسے سننا، اس کا احترام کرنا اور اسے سمجھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی اصل سیاسی لڑائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’سوراج‘ کو اکثر ’فریڈم‘ یعنی آزادی سمجھ لیا جاتا ہے، جبکہ سوراج کا مطلب ہے ’اپنے اوپر اپنی حکمرانی‘۔ یہ ایک ذمہ داری اور سوچنے کا طریقہ ہے۔ مہاتما گاندھی چاہتے تھے کہ ہر شخص اس راستے پر چلے۔ حکومت اور ملک کی ذمہ داری ہے کہ نوجوانوں کے تصورات اور تخیلات کے دروازے کھولے اور انہیں اس راستے پر آگے بڑھنے میں مدد دے۔