تاثیر 13 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 13 اگست: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر مایاوتی نے جمعرات کو الزام لگایا کہ اپوزیشن اور حکمراں جماعتوں نے مل کر ایف سی آر اے یعنی فارن کنٹری بیوشن (ریگولیشن) ترمیمی بل پر سیاست کی ہے۔ اس کی وجہ سے اس بل کو جلد بازی میں مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کو بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس نہیں چلنے دینے کی وجہ سے حکومت کئی اہم بل بغیر بحث کے پاس کر رہی ہے۔ یہ حکمراں جماعت اور اپوزیشن کی ملی بھگت معلوم ہوتی ہے۔
مایاوتی نے جمعرات کو ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ایف سی آر اے ترمیمی بل، جسے حکومت بہت اہم بتا کر دوسرے بلوں کی طرح فوری طور پر منظور کرانا چاہتی تھی، لیکن اپوزیشن کی مخالفت کے سبب اور پارلیمنٹ میں اس پر ابتدائی بحث کے بغیر ہی ، اسے کل جلد بازی میں مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کے پاس بھیج دیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایف سی آر اے ترمیمی بل کو کانگریس پارٹی اور اس کی حلیف جماعتیں براہ راست اقلیت مخالف قرار دیکر اسے واپس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ حکومت اسے غیر ملکی فنڈنگ کے استعمال میں مبینہ بدعنوانی سے جوڑ کر اس میں سخت تبدیلیاں لانا چاہتی ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حکمراں جماعت اور اپوزیشن، دونوں نے اس بل پر سیاست کی ہے۔

