مرکزی وزیر سنجے سیٹھ نے جھارکھنڈ حکومت پر نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی کا الزام عائد کیا

تاثیر 13 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 13 اگست: دفاع کے وزیر مملکت اور جھارکھنڈ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سیٹھ نے جھارکھنڈ حکومت پر نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی کرنے اور سرکاری بھرتی کے عمل میں بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا ہے۔ پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے جھارکھنڈ میں ہوئے احتجاج کے دوران نوجوانوں کے خلاف درج ایف آئی آر اور امتحان کے نتائج میں بے ضابطگیوں کے لیے براہ راست حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا۔
سنجے سیٹھ نے الزام عائد کیا کہ جھارکھنڈ میں احتجاج کے بعد تقریباً 600 نوجوانوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان پرامن احتجاج کرنے آئے تھے اور نہ توانہوں نے تشدد کیا اور نہ ہی پتھراؤ کیا۔ ایسے میں ان کے خلاف مقدمات درج کرناناانصافی ہے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر حفاظتی انتظامات پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ احتجاج سے قبل شہر بھر میں بیریکیڈ اور ریزر وائر لگائے گئے تھے۔ اب تو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے اطراف کی سڑکوں کو بھی ریزر وائر سے بند کر دیا گیا ہے جس سے عوامی نقل و حرکت متاثر ہو رہی ہے۔