تاثیر 10 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سرینگر، 10 اگست: سرینگر کیمازہامہ ریلوے اسٹیشن پر ریلوے پولیس نے ایک مشتبہ چوری شدہ موبائل فون ریکیٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے مختلف برانڈز کے 59 اسمارٹ فون برآمد کیے ہیں۔ ریلوے حکام کے مطابق ریلوے پولیس چوکی مازہامہ کے اہلکاروں نے یہ کارروائی صبح کے اوقات میں اس وقت کی جب ریلوے سٹیشن کے باہر تعینات پولیس ٹیم نے دو افراد کو موٹر سائیکل پر سفر کرتے ہوئے دیکھا اور پولی تھین کا ایک بڑا بیگ اٹھائے ہوئے مشکوک رویہ اختیار کیا۔ دونوں کو پولیس ٹیم نے روکا اور بیگ میں موجود مواد کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔ تاہم، وہ مبینہ طور پر تسلی بخش وضاحت فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ بعد ازاں جسمانی چیکنگ کے دوران، پولیس نے ان کے قبضے سے 59 اسمارٹ فون برآمد کیے، جس کے بعد دونوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔گرفتار شدگان کی شناخت شاہنواز احمد راتھر (25) ولد عبدالرحمان راتھر اور محبوب حسین راتھر (18) ولد فیاض احمد راتھر کے طور پر کی گئی ہے، دونوں افراد پٹن، بارہمولہ کے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ برآمد شدہ موبائل فون مختلف برانڈ کے ہیں۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران، شاہنواز احمد راتھر نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ یہ کھیپ نومبر 2025 میں بنگلورو سے ایک کورئیر پارسل کے ذریعے اسے شوکت علی راتھر، ولد علی محمد راتھر، جو مٹی پورہ، پٹن کے رہائشی ہے، نے بھیجا تھا۔

