اتراکھنڈ میں بارش کا سلسلہ جاری، دریائے گنگا کے آبی سطح میں اضافہ

تاثیر 22 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دہرادون، 22 اگست: اتراکھنڈ میں ہفتہ کے روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ دارالحکومت دہرادون سمیت کئی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ اس دوران رشی کیش اور ہریدوار میں گنگا کی پانی کی سطح میں بھی اضافہ درج کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج ریاست کے 11 اضلاع میں شدید بارش کے حوالے سے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بونداباندی ہونے، جبکہ کچھ علاقوں میں تیز سے بہت تیز بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج دہرادون، ٹہری، چمپاوت، باگیشور، پتھورا گڑھ، نینی تال، چمولی، رودرپریاگ، ہریدوار، ادھم سنگھ نگر اور پاؤڑی میں بارش کا یلو الرٹ ہے۔ 23 اگست کو نینی تال، ادھم سنگھ نگر، پاؤڑی اور باگیشور، جبکہ 24 اگست کو دہرادون، ٹہری، پتھورا گڑھ، نینی تال اور باگیشور میں یلو الرٹ رہے گا۔ تمام اضلاع میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے کا بھی خدشہ ہے۔
صبح 10 بجے کے موسمیاتی بلیٹن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہریدوار میں 53 ملی میٹر، دھارچولا میں 41.2 ملی میٹر، لوہارکھیٹ اور کاشی پور میں 41-41 ملی میٹر اور اترکاشی میں 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لیتی یو کے جی میں 56 ملی میٹر، ہلدوانی یو کے جی میں 55.5 ملی میٹر اور خان پور میں 51.5 ملی میٹر بارش درج ہوئی۔
شدید بارش کے درمیان ریاست کے کئی راستوں پر ٹریفک متاثر ہے۔ دہرادون-مسوری ریاستی شاہراہ پر پانی والا بینڈ کے قریب سڑک دھنسنے کے باعث ٹریفک بند ہے۔ راستے کو بحال کرنے کا کام جاری ہے۔ فی الحال لَمبی دھار-کِماڑی متبادل راستے سے ٹریفک چلایا جا رہا ہے۔ اسی طرح دھارچولا-تواگھاٹ قومی شاہراہ کو 21 اگست کی دوپہر سے عارضی طور پر ٹریفک کے لیے کھولا گیا ہے۔