تاثیر 21 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 21 اگست: دہلی کی ساکیت کورٹ نے عبوری حکم جاری کرتے ہوئے اتر پردیش کے معروف سیاست داں رگھوراج پرتاپ سنگھ عرف راجہ بھیا کو ان کی اہلیہ بھانوِی کماری سنگھ کے نان و نفقہ کے لیے ہر ماہ 30 ہزار روپے ادا کرنے اور ان کے تمام طبی اخراجات برداشت کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ حکم ویمن کورٹ کی جج چھایا تیاگی نے جاری کیا۔
بھانوِی کماری سنگھ نے اپنے شوہر راجا بھیا سے نان و نفقہ حاصل کرنے کے لیے ساکیت کورٹ میں عرضی دائر کی تھی۔ عرضی میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے سسرال کے مشترکہ مکان میں نہیں رہتیں اور شوہر سے الگ گرین پارک میں رہائش پذیر ہیں۔ گرین پارک میں واقع مکان کی وہ خود مالک ہیں۔ عرضی میں یہ بھی کہا گیا کہ راجہ بھیا نے اب تک انہیں نان و نفقہ کے طور پر کوئی رقم ادا نہیں کی ہے۔
بھانوِی کماری سنگھ نے اپنی عرضی میں متعدد طبی مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف بیماریوں سے متاثر ہیں۔ عرضی کے مطابق مبینہ جسمانی تشدد کے باعث ان کے پھیپھڑوں میں مسئلہ پیدا ہوا، جبکہ جگر میں رسولی اور موتیا بند کی شکایت بھی ہے۔
عرضی میں بتایا گیا کہ بھانوِی کی ماہانہ آمدنی تقریباً 6 ہزار روپے ہے، جو ان کے علاج اور دیگر ضروری اخراجات کے لیے کافی نہیں ہے۔
ساکیت عدالت نے راجا بھیا کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر ماہ کی 10 تاریخ تک 30 ہزار روپے بھانوِی کماری سنگھ کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائیں۔ عدالت نے اس کے علاوہ ان کے علاج سے متعلق تمام طبی اخراجات بھی برداشت کرنے کا حکم دیا ہے۔

