نوجوان کرکٹروں کے لیے ’شیرِ پنجاب ٹی20 لیگ‘بڑا پلیٹ فارم ثابت ہوگی: ارشدیپ

تاثیر 22 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

چنڈی گڑھ، 22 اگست: بھارتی فاسٹ بولر ارشد یپ سنگھ نے کہا ہے کہ ’شیرِ پنجاب ٹی20 لیگ‘ پنجاب کے نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک بڑا پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ پنجاب کے کرکٹروں کی اگلی نسل کو تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
شیرِ پنجاب ٹی20 لیگ 2026 کا آغاز 30 اگست سے چنڈی گڑھ کے آئی ایس بندرا اسٹیڈیم میں ہونے جا رہا ہے۔ خطاب کے لیے چھ ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی اور پنجاب کے کئی باصلاحیت کرکٹرز اس میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ اس مقابلے میں شامل ٹیموں میں لدھیانہ لائنز بھی ہے، جس نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ارشد یپ سنگھ کو اپنا مرکزی (مارکی) کھلاڑی منتخب کیا ہے۔ یہ فاسٹ بولر ٹورنامنٹ کا حصہ بن کر کافی خوش ہیں اور لائنز کی نمائندگی کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔
ٹورنامنٹ اور اپنی تیاریوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ارشد یپ نے ایک بیان میں کہا، “شیرِ پنجاب ٹی20 لیگ کا حصہ بن کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کو لے کر کافی جوش و خروش ہے اور میں لدھیانہ لائنز اور اس سفر کا حصہ بننے کے لیے واقعی پرجوش ہوں۔ اب تک تیاریاں بہت اچھی رہی ہیں۔ ہم نے اپنی اسکلز پر کام کرنے، اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنے اور میچ کی مختلف صورتحال کے لیے تیاری کرنے میں کافی وقت صرف کیا ہے۔ اب اصل توجہ ٹریننگ گراؤنڈ سے حاصل ہونے والے اعتماد کو میچوں میں بھی برقرار رکھنے پر ہے۔”