پانی ٹنکی سرحد پر چار نابالغ لڑکیوں سمیت چھ خواتین انسانی اسمگلروں کے چنگل سے آزاد، دو گرفتار

تاثیر 28 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سلی گوڑی، 28 اگست: ہندوستان-نیپال سرحد پر واقع پانی ٹنکی میں مسلح سرحدی فورس(ایس ایس بی)کی بروقت کارروائی سے انسانی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ نیپال لے جانے سے قبل چار نابالغ لڑکیوں سمیت چھ خواتین کو بازیاب کرالیا گیا، جبکہ معاملے میں دو مبینہ انسانی اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔گرفتار ملزمان کی شناخت نرمل دیب برما اور چنمی بساک کے طور پر ہوئی ہے۔ نرمل دیب برما کا تعلق تریپورہ جبکہ چنمی بساک جلپائی گوڑی کا رہنے والا بتایا گیا ہے۔ دونوں ملزمان کو جمعہ کو سلی گوڑی محکمہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ذرائع کے مطابق جمعرات کی رات ہندوستان-نیپال سرحد پر پانی ٹنکی کے پرانے میچی پل سے نیپال میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران 41ویں بٹالین ایس ایس بی کے جوانوں نے چھ خواتین اور دو مردوں پر مشتمل ایک گروپ کو مشتبہ حالت میں روکا۔دستاویزات کی جانچ کے دوران کئی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ اس کے بعد جب گروپ سے پوچھ گچھ کی گئی تو انسانی اسمگلنگ کی کوشش کا انکشاف ہوا۔