اندور میں بیوی کے قتل کے بعد بیٹے اور بیٹی کو تالاب میں پھینکا

تاثیر 18 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

اندور، 18 اگست: مدھیہ پردیش کے اندور میں کناڑیا تھانہ علاقے کے جھالریا گاوں میں پیر کی دیر رات ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا۔ یہاں ایک ڈرائیور نے کردار پر شک کے باعث پہلے اپنی بیوی کا قتل کیا اور پھر 12 سالہ بیٹے اور 13 سالہ بیٹی کو تالاب میں پھینک دیا۔ بیٹے نے کسی طرح تالاب سے نکل کر اپنی جان بچائی اور گاوں والوں کو واقعے کی اطلاع دی۔ بعد ازاں پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ ایس ڈی ای آر ایف کی ٹیم نے تلاش کے دوران بیٹی کی لاش تالاب سے برآمد کر لی۔
کناڑیا پولیس کے مطابق جھالریا گاوں کے رہائشی سنیل چوہان پیشے سے ڈرائیور ہے۔ پیر کی رات تقریباً 11 سے 12 بجے کے درمیان وہ بیوی انیتا کو گھر کے باہر جھاڑیوں میں لے گیا۔ یہاں اس نے پہلے اس کا گلا دبایا اور پھر چاقو مار کر اسے قتل کر دیا۔ واردات کے بعد سنیل گھر پہنچا اور دونوں بچوں 13 سالہ بیٹی ماہی اور 12 سالہ بیٹے اجے کو اپنے ساتھ لے کر قریب کے تالاب پر پہنچا۔ پولیس کے مطابق اس نے دونوں بچوں کو تالاب میں پھینک دیا۔ تالاب میں گرنے کے بعد اجے نے خود کو بچانے کے لیے مرنے کا ناٹک کیا اور موقع ملتے ہی وہ پانی سے باہر نکل آیا۔ اس کے بعد وہ گاوں پہنچا اور لوگوں کو پورے واقعے سے آگاہ کیا۔ گاوں والوں کی اطلاع پر پولیس رات تقریباً 1 بجے سنیل کے گھر پہنچی، لیکن وہ وہاں نہیں ملا۔ پولیس نے اس کی تلاش شروع کر دی۔