تاثیر 29 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سیول، 29 اگست: جنوبی کوریا، امریکا اور جاپان اگلے ماہ کے آغاز میں ایک بار پھر مشترکہ فوجی مشق کریں گے۔ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف (جے سی ایس) نے جمعہ کو بتایا کہ تینوں ممالک کی کثیر جہتی فوجی مشق ’فریڈم ایج‘ 7 سے 11 ستمبر تک جنوبی کوریا کے جنوبی ساحل کے قریب بین الاقوامی سمندری حدود میں منعقد ہوگی۔
جنوبی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یونہاپ کے مطابق جے سی ایس نے بتایا کہ یہ مشق جزیرہ جیجو کے مشرق اور جنوب میں واقع سمندری علاقے میں ہوگی۔ اس دوران تینوں ممالک کی افواج کے درمیان مختلف شعبوں میں مشترکہ کارروائیوں اور باہمی رابطہ و تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔جے سی ایس کے مطابق ’فریڈم ایج‘ ایک دفاعی نوعیت کی مشق ہے، جسے تینوں ممالک ہر سال شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل خطرات سے نمٹنے اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے مقصد سے منعقد کرتے ہیں۔یہ فوجی مشق ایسے وقت میں ہونے جا رہی ہے جب شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل پروگرام کے حوالے سے امریکا، جنوبی کوریا اور جاپان کے درمیان سکیورٹی تعاون مسلسل بڑھ رہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ ’فریڈم ایج‘ کی تیاریوں کے درمیان جنوبی کوریا اور امریکا نے گزشتہ ہفتے اپنی دو طرفہ فوجی مشق ’الچی فریڈم شیلڈ‘ (یو ایف ایس) کا دائرہ محدود کر دیا تھا۔ یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت کے بعد کیا گیا تھا۔ اسے شمالی کوریا کے ساتھ کشیدگی کم کرنے اور سفارتی رابطوں کے امکانات بڑھانے کی کوشش کے طور پر بھی دیکھا گیا۔

