جشنِ عید میلاد النبی ﷺ پر خصوصی پروگرام، بچوں میں اشیائے ضروریہ تقسیم

تاثیر 27 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ہوڑہ، 25 اگست (تاثیر بیورو) جشنِ عید میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی مناسبت سے گوہا روڈ پر عید گاہ کمیٹی کی جانب سے ایک روح پرور اور بابرکت پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام ایاز احمد کی قیادت میں منعقد ہوا، جس میں بڑی تعداد میں مقامی افراد اور بچوں نے شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز حافظ اصغر صاحب کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی اور حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آپ ﷺ نے محبت، اخوت، ہمدردی، امن اور بھائی چارے کا درس دیا، جس پر عمل کرکے معاشرے میں خوشگوار ماحول قائم کیا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر عید گاہ کمیٹی کی جانب سے بچوں میں مختلف اشیائے ضروریہ بھی تقسیم کی گئیں۔ بچوں کو جیکٹ، ٹوپیاں، پانی کی بوتلیں اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا گیا۔ منتظمین نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر خوشیاں بانٹنا اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا سیرتِ نبوی ﷺ کی تعلیمات کا اہم حصہ ہے۔
آخر میں ملک میں امن و سلامتی، خوشحالی، بھائی چارے اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ پروگرام کے کامیاب انعقاد پر عید گاہ کمیٹی اور ایاز احمد کی کاوشوں کو سراہا گیا۔