تاثیر 12 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ارریہ: (مشتاق احمد صدیقی) یوم آزادی 2026 اور”ہر گھر ترنگا ابھیان” کے تحت ضلع کا واحد اقلیتی تعلیمی ادارہ آزاد اکیڈمی، آزاد نگر کی جانب سے ارریہ ہیڈ کوارٹر میں ایک عظیم الشان ترنگا ریلی نکالی گئی۔ ضلع انتظامیہ کے احکامات کے مطابق بچوں کی ریلی چلچلاتی دھوپ اور مرطوب گرمی کی پرواہ کیے بغیر اپنی اکیڈمی سے تقریباً 3 کلومیٹر کا فاصلہ انتہائی مسرت اور جوش وخروش کے ساتھ طے کر کے گیسٹ ہاؤس کھریا بستی پہنچی۔ یہاں سے کالی مندر کے راستے سبھاش چندر بوس کے مجسمہ پر رکی، جہاں ضلع کے سینئر عہدیداروں نے مجسمہ پر پھول چڑھائے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ یہاں سے چاندنی چوک سے ہوتی ہوئی ریلی سبھاش اسٹیڈیم پر اختتام پذیر ہوئی۔ انچارج ڈسٹرکٹ آفیسر کم ایڈیشنل کلکٹر ارریہ، شری انیل کمار جھا کے ساتھ انتظامی عہدیدار، مقامی عوامی نمائندے، آزاد اکیڈمی کے طلباء اور جیویکا دیدی ترنگا یاترا میں موجود تھے۔ آزاد اکیڈمی کے طلباء 30×30 فٹ لمبا ترنگا لے کر سڑکوں سے گزرتے ہوئے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ تمام تماشائیوں کی نظریں ان بچوں اور عظیم الشان ترنگے پر جمی ہوئی تھیں۔ یہ منظر واقعی دیکھنے کے لائق تھا۔ اس ترنگا یاترا میں ان بچوں نے عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ ہاتھ میں ترنگا پکڑ کر حصہ لیا اور لوگوں کو قومی پرچم کے احترام اور”ہر گھر ترنگا”مہم کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس ترنگا ریلی میں دیگر اسکولوں کے طلبہ کی خصوصی شرکت تھی۔ بچوں نے ہاتھ میں ترنگا لے کر جوش و خروش سے یاترا میں حصہ لیا اور حب الوطنی کے نعرے لگائے۔ اس کے ساتھ ہی جیویکا دیدیوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور مہم کے تئیں اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔

