ایران جنگ سے امریکی عوام بدظن، ٹرمپ کی مقبولیت بھی کم ترین سطح پر

تاثیر 25 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،25اگست: ایران کے خلاف جاری امریکی فوجی کارروائی کی عوامی حمایت میں مزید کمی سامنے آئی ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت بھی رائٹرز اور اِپسوس کے تازہ سروے میں دوسری مرتبہ ریکارڈ کی گئی کم ترین سطح پر برقرار ہے۔میڈیا کے تازہ سروے کے مطابق صرف 31 فیصد امریکی شہری ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی حمایت کرتے ہیں۔ مارچ میں یہ شرح 37 فیصد تھی، جبکہ رواں ماہ کے آغاز میں 34 فیصد امریکی ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے حامی تھے۔
سروے کے نتائج کے مطابق ایران جنگ کے معاملے پر ریپبلکن ووٹرز کی حمایت میں بھی کمی آئی ہے۔ مارچ میں 77 فیصد ریپبلکنز ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے حامی تھے، تاہم اب یہ شرح کم ہو کر 69 فیصد رہ گئی ہے۔سروے میں یہ رجحان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جنگ کے طول پکڑنے اور اس کے معاشی اثرات کے باعث صدر ٹرمپ کو اپنی ہی جماعت کے ووٹروں کے درمیان بھی مزید سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ایران جنگ کے ساتھ ساتھ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مجموعی عوامی مقبولیت بھی دباؤ میں ہے۔ سروے میں مسلسل دوسری مرتبہ صرف 33 فیصد امریکیوں نے ٹرمپ کی بطور صدر کارکردگی کی حمایت کی۔