تاثیر 31 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
شاملی، 31 اگست: ہریانہ کے گلوکار انکت بالیان قتل کیس میں مفرور دو بدمعاش پیر کی علی الصبح اتر پردیش پولیس کے ساتھ ایک انکاؤنٹر میں مارے گئے۔ دونوں شوٹروں پر 50،50 ہزار روپے کا انعام مقرر تھا اور پولیس ان کی تلاش کر رہی تھی۔ انکاؤنٹر کے دوران دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔
اتر پردیش کے شاملی ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ این پی سنگھ نے بتایا کہ پیر کی صبح کوتوالی پولیس چیکنگ مہم چلا رہی تھی۔ اسی دوران پولیس نے دو مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کی۔ دونوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کی، جس میں دونوں ملزمان گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔
دونوں کی شناخت موہت اور سُمت کے طور پر ہوئی ہے، جو بنیادی طور پر ہریانہ کے سونی پت کے رہنے والے تھے۔ پولیس کے مطابق دونوں انکت بالیان قتل کیس میں شامل تھے اور ان پر 50،50 ہزار روپے کا انعام مقرر تھا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے دو پستول اور کارتوس بھی برآمد کیے ہیں۔پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ہریانہ کے بدنام زمانہ مجرم راہل عرف گولو نے انہیں رقم دے کر شاملی بھیجا تھا۔ اس نے انہیں کچھ رقم اور پستول بھی فراہم کیے تھے اور کہا تھا کہ شاملی پہنچنے پر اس کے دو ساتھی انہیں ملیں گے۔ مجموعی طور پر چار افراد نے مل کر 26 اگست کو جم سے باہر نکلتے وقت گلوکار انکت بالیان کو قتل کیا تھا۔

