تاثیر 09 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ایٹہ، 9 اگست: اتر پردیش کے ایٹہ ضلع میں اتوار کو جیتھرا تھانہ علاقے کے تحت ایٹہ-علی گنج روڈ پر روڈویز بس اور ٹمپو کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر میں ٹیمپو سوار دو افراد ہلاک جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جیتھرا تھانہ علاقے میں علی گنج کی جانب سے آنے والی روڈویز بس نے دھومری سے جیتھرا کی طرف جا رہے ٹمپو کو ٹکر مار دی۔ آمنے سامنے کی اس زبردست ٹکر میں ٹیمپو سوار دو افراد کی موت ہو گئی جبکہ پانچ مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ حادثے کے وقت ٹمپو میں سات مسافر سوار تھے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی جیتھرا پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو جیتھرا کمیونٹی ہیلتھ سینٹر پہنچایا، جبکہ ایٹہ-علی گنج روڈ پر ٹریفک کو بحال کیا۔ سی ایچ سی میں زخمیوں کی حالت تشویشناک دیکھتے ہوئے انہیں ایٹہ میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا۔ میڈیکل کالج میں ڈاکٹروں نے دو افراد کو مردہ قرار دے دیا۔
متوفین کی شناخت گیتَم سنگھ (45) ولد دیوالی لال، ساکن پٹیالی، اور سْکّا (40) زوجہ شکیرا، ساکن جھمرا (جیتھرا) کے طور پر ہوئی ہے۔ وہیں سداما (35)، کرشنا (8)، ریکھا (28)، نند کشور اور چندر پال (45) شدید زخمی ہوئے ہیں۔

