ای ٹوئنٹی ایندھن کے خلاف یوتھ کانگریس کا احتجاج، ناگپور میں نتن گڈکری کی رہائش گاہ کی جانب مارچ

تاثیر 03 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ناگپور ، 3 اگست: مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نتن گڈکری کی ناگپور میں واقع رہائش گاہ کی جانب مارچ کرنے والے بھارتی یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے متعدد کارکنوں کو ناگپور پولیس نے حراست میں لے لیا۔یہ احتجاج مقامی یوتھ کانگریس رہنما مہول اڈوانی کی قیادت میں کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ 20 فیصد ایتھنول ملاوٹ والے ای ٹوئنٹی پٹرول کو لازمی بنانے کی پالیسی کے خلاف عوام میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔ مہول اڈوانی نے کہا کہ عوام پرای ٹوئنٹی ایندھن مسلط کیا جا رہا ہے، جس کی وہ مخالفت کرتے ہیں اور یہ احتجاج آئندہ بھی جاری رہے گا۔
مظاہرین کا دعویٰ ہے کہ ای ٹوئنٹی پٹرول سے گاڑیوں کے انجن پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور مائلیج بھی کم ہو جاتی ہے۔ ان کے مطابق خصوصاً پرانی گاڑیوں کے لیے یہ ایندھن زیادہ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔