ہند-بیلجیم کے درمیان دفاعی شعبے میں 10 اسٹریٹجک معاہدے، بھارت میں راکٹ اور بارودی سرنگ مخالف سسٹم تیار ہوں گے

تاثیر 03 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 03 ستمبر:بھارت اور بیلجیم نے دفاعی صنعت کے شعبے میں تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچاتے ہوئے 10 بڑے اسٹریٹجک معاہدے کیے ہیں۔ ان معاہدوں کے تحت بھارت میں گولہ بارود، 70 ایم ایم راکٹ، بحریہ کے لیے بارودی سرنگ مخالف نظام، کاؤنٹر ڈرون سسٹم اور میرین ڈیزل انجن سمیت جدید دفاعی سازوسامان کی تیاری اور مشترکہ پیداوار کی جائے گی۔ یہ تعاون بھارت کی ’میک اِن انڈیا‘ پالیسی اور دفاعی پیداواری صلاحیت کو مضبوط بنانے کے ساتھ دونوں ممالک کی دفاعی صنعتوں کے درمیان طویل مدتی شراکت داری کی بنیاد بھی فراہم کرے گا۔
وزارت دفاع کے مطابق بیلجیم کے وزیر اعظم بارٹ ڈی ویور کے 2 سے 4 ستمبر تک بھارت کے سرکاری دورے کے دوران جمعرات کو وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور بیلجیم کے وزیر دفاع و خارجہ تجارت تھیو فرانکن کے درمیان یہاں وفود کی سطح پر ہوئی اعلیٰ سطحی بات چیت میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان طویل مدتی اور ساختی تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس کے علاوہ بیلجیم سکیورٹی اینڈ ڈیفنس انڈسٹری اور سوسائٹی آف انڈین ڈیفنس مینوفیکچررز کے درمیان بھی تعاون کا معاہدہ ہوا۔