تاثیر 01 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مین پوری، یکم ستمبر: اتر پردیش کے مین پوری سے کھاٹو شیام اور ورنداون کے درشن کے لیے جانے والے عقیدت مندوں سے بھری میکس پک اَپ گاڑی ہریانہ کے پلول میں حادثے کا شکار ہوگئی۔ اس حادثے میں گاڑی میں سوار 6 عقیدت مند موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور زخمیوں کے مناسب علاج کے سلسلے میں ہریانہ حکومت سے بات کی۔ انہوں نے افسران کو ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں ان کے اہل خانہ تک پہنچانے کے بھی ہدایات دی ہیں۔
مین پوری کے کشنی علاقے سے زائرین کا ایک گروپ میکس پک اَپ گاڑی میں سوار ہوکر مذہبی سفر پر روانہ ہوا تھا۔ پیر کی شام راجستھان کے کھاٹو شیام اور سالاسر بالاجی مندر میں درشن کرنے کے بعد تمام افراد ورنداون کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ اسی دوران منگل کی صبح پلول میں کے ایم پی ایکسپریس وے پر ان کی گاڑی سڑک کے کنارے کھڑے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔

