تاثیر 06 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سورت، 6 ستمبر: ملک بھر میں صحت مند، فعال اور نشہ سے پاک طرز زندگی کو فروغ دینے کے مقصد سے 89 ویں فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل کا مرکزی پروگرام اتوار کو گجرات کے سورت میں ’نشہ سے پاک نوجوان، ترقی یافتہ بھارت‘ کے موضوع کے ساتھ منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں کھلاڑیوں، فٹنس کے شائقین، طلبہ، نوجوانوں اور عام شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مرکزی وزیر برائے امور نوجوانان و کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ اور گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ ہرش سنگھوی بھی موجود تھے۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ’فٹ انڈیا‘ تحریک کے نتیجے میں ملک بھر میں ’سنڈیز آن سائیکل‘ مہم نے وسیع پیمانے پر شکل اختیار کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ملک کے لیے صحت مند آبادی ضروری ہے اور سائیکلنگ صحت مند معاشرے کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سائیکل چلانے کے کئی فوائد ہیں۔ یہ مؤثر ورزش کا ذریعہ ہے، ’نشہ سے پاک بھارت‘ مہم کو تقویت دیتی ہے، آلودگی کم کرنے میں مدد کرتی ہے اور ایندھن کی کھپت گھٹا کر ماحول کے تحفظ میں اپنا تعاون دیتی ہے۔ مانڈویہ نے لوگوں سے اپیل کی کہ سائیکلنگ کو صرف اتوار تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے روزمرہ زندگی کا حصہ بنایا جائے۔ خاص طور پر قریبی کام کی جگہوں تک آنے جانے کے لیے سائیکل کا استعمال کرنے سے ’فٹ انڈیا‘ کے عزم کو مزید مضبوطی ملے گی۔

