اسرائیلی حملوں سے متاثرہ 6 منزلہ عمارت گر گئی، 5 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق

تاثیر 16 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

غزہ ،16ستمبر:غزہ میں ابھی جنگ بندی ہو چکی ہے لیکن جنگ کے اثرات اب بھی غزہ کے شہریوں کا تعاقب کر رہا ہے ۔تازہ اطلاع کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں سے متاثرہ 6 منزلہ عمارت گرنے سے 5 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں لاپتہ ہو گئے۔
غزہ سول ڈیفنس کے مطابق مغربی غزہ میں گرنے والے عمارت کے ملبے تلے 50 سے زائد بچوں سمیت تقریباً 100 افراد دبے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے کام کر رہی ہیں، تاہم بھاری مشینری نہ ہونے کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق غزہ میں آج صبح گرنے والی عمارت اسرائیلی حملوں کی وجہ سے شدید خستہ حالی کا شکار تھی۔ عمارت کا ملبہ قریبی گھروں اور بے گھر افراد کے خیموں پر جا گرا، جس کی وجہ سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا، عمارت میں بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے۔