پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات کی فلاحی اسکیموں کے نفاذ میں تیزی لائیں: رما نشاد

تاثیر 23 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 23 ستمبر: پسماندہ طبقات اور انتہائی پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے محکمے کی وزیر رما نشاد نے محکمانہ اسکیموں کے نفاذ میں تیزی لاتے ہوئے اہل مستفیدین کو بروقت اسکیموں کا فائدہ فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکیمیں طلبہ کے تعلیمی اور سماجی بااختیاری سے وابستہ ہیں، اس لیے ان کے نفاذ میں غیر ضروری تاخیر یا لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر موصوفہ بدھ کے روز جگجیون رام پارلیمانی اسٹڈیز اینڈ پولیٹیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، پٹنہ کے آڈیٹوریم میں منعقدہ ریاستی سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کر رہی تھیں۔
وزیر نے انچارج ڈسٹرکٹ بیک ورڈ اینڈ موسٹ بیک ورڈ کلاسز ویلفیئر افسران کو ضلع سطح پر اسکیموں کی باقاعدہ نگرانی اور زیر التوا معاملات کے فوری تصفیے کی ہدایت دی۔ انہوں نے جن نایک کرپوری ٹھاکر ہاسٹل، دیگر پسماندہ طبقات کے ہاسٹل اور دیگر پسماندہ طبقات کے گرلز رہائشی 2+ ہائر سیکنڈری اسکولوں میں معیاری کھانے، پینے کے صاف پانی، سیکورٹی، صحت اور تعلیمی سہولیات کو ترجیح دینے کو کہا۔