ساکیت کورٹ احاطے میں خاتون وکلا کو ہراساں کیے جانے پر اے آئی ایل یو کا فوری کارروائی کا مطالبہ

تاثیر 19 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 19 ستمبر: ساکیت کورٹ احاطے میں مبینہ طور پر نشے میں دھت مرد وکلا کی جانب سے خاتون وکلا کو ہراساں کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ خاتون وکلا میں سے ایک آل انڈیا لائرز یونین (اے آئی ایل یو) کی دہلی ریاستی اکائی کی خزانچی ہیں۔ آل انڈیا لائرز یونین نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مبینہ طور پر ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔آل انڈیا لائرز یونین نے ہفتہ کے روز جاری ایک بیان میں کہا کہ 15 ستمبر کو ساکیت کورٹ کے چیمبر بلاک میں دو خاتون وکلا اور ایک مرد وکیل اپنے دو موکلوں کے ساتھ اپنے چیمبر میں مقدمے کی ڈرافٹنگ کے لیے بیٹھے ہوئے تھے۔ ان میں سے ایک خاتون وکیل آل انڈیا لائرز یونین کی دہلی اکائی کی خزانچی ہیں۔بیان کے مطابق، رات تقریباً ساڑھے نو بجے جب وہ کھانا کھا رہے تھے، اس وقت وکیل کی یونیفارم پہنے تین مرد وکیل مبینہ طور پر شراب کے نشے میں ان کے چیمبر میں داخل ہوئے۔ تینوں نے خاتون وکلا سے پوچھا کہ وہ اتنی رات تک وہاں کیا کر رہی ہیں اور انہیں چیمبر سے چلے جانے کے لیے کہا۔