ایشیائی کھیل : بھارتی خواتین ہاکی ٹیم نے انڈونیشیا کو 1-17 سے روند دیا

تاثیر 21 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

گیفو، 21 ستمبر: بھارتی خواتین ہاکی ٹیم نے ایشیائی کھیل 2026 میں اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پول بی کے مقابلے میں انڈونیشیا کو 1-17 سے زبردست شکست دی۔ پیر کو گیفو پری فیکچرل گرین اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں بھارت کی جانب سے دیپیکا، رْتوجا پِسال اور نونیت کور نے ہیٹ ٹرک لگائی۔
بھارت کی جانب سے سنیلیتا ٹوپو، لالریمسیامی اور ساکشی رانا نے دو، دو گول کیے، جبکہ ایشیکا اور کپتان سلیما ٹیٹے نے بھی ایک، ایک گول داغا۔ اس سے قبل بھارت نے ازبکستان کو 0-19 سے شکست دی تھی۔ ہیڈ کوچ سجورد ماریجنے کی ٹیم مسلسل دو کامیابیوں کے ساتھ ناقابلِ شکست ہے۔ بھارت کا اگلا مقابلہ بدھ کو تھائی لینڈ سے ہوگا۔
بھارت کو ابتدائی کوارٹر میں اپنی رفتار حاصل کرنے میں کچھ وقت لگا۔ ٹیم نے مسلسل چار پنالٹی کارنر حاصل کیے اور دیپیکا نے آٹھویں منٹ میں چوتھی کوشش پر گول کرکے بھارت کا کھاتا کھولا۔ اس کے بعد بھارت نے چار منٹ کے اندر مزید تین گول داغے اور پہلے کوارٹر کے اختتام تک 0-4 کی برتری حاصل کرلی۔
دوسرے کوارٹر میں بھی بھارت کا غلبہ برقرار رہا اور لالریمسیامی نے اپنا دوسرا گول کرتے ہوئے ٹیم کی برتری مزید مضبوط کردی۔ ہاف ٹائم تک بھارت 0-9 سے آگے تھا۔