تاثیر 19 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جودھپور، 19 ستمبر: منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم کے تحت جودھپور مشرقی پولیس نے افیون کی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی جائیداد کے خلاف کارروائی کی ہے۔ پولیس نے ملزم رتن سنگھ ولد ہنومان رام، ساکن رتکڑیا، حال مقیم ایکتا نگر، رمضان جی کا ہتھا، کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68 (ایف) (1) کے تحت کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 2 کروڑ روپے کی جائیداد منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
پولیس کے مطابق 17 جولائی 2026 کو ملزم رتن سنگھ کے قبضے سے کریٹا کار میں 8.264 کلو گرام افیون اور ایک کروڑ 6 لاکھ 50 ہزار روپے نقد برآمد کیے گئے تھے۔ اس معاملے میں تھانہ بناڑ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/18 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے منشیات کی اسمگلنگ اور فروخت سے حاصل ہونے والی رقم سے جائیداد بنائی تھی۔

