تاثیر 10 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 10 ستمبر: مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری نے درگا پوجا کے دوران لگائے جانے والے اسٹالوں اور تقریبات کے ناموں کو لے کر سخت پیغام دیا ہے۔ جمعرات کو اسمبلی میں انہوں نے کہا کہ درگا پوجا کے موقع پر لگائے جانے والے اسٹال پر ’شاردوتسو‘ کے بجائے ’درگا پوجا‘ لکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ درگا پوجا کی جگہ ’شاردوتسو‘ لکھے جانے والے اسٹال کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ درگا پوجا کو ’عوامی تہوار‘ کے طور پر منایا جاتا ہے اور اس کے انعقاد میں مذہبی شناخت کی بنیاد پر کسی بھی قسم کا امتیاز قابل قبول نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پوجا کے دوران تمام برادریوں کے لوگوں کو اپنے مذہبی عقائد اور روایات پر عمل کرنے کی آزادی ہونی چاہیے۔
اسمبلی میں وزیر اعلیٰ نے سیاسی احتجاج، امن و امان اور مذہبی شناخت سے متعلق مسائل پر بھی اپنی بات رکھی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورت حال میں مذہبی شناخت کی بنیاد پر کسی مخصوص برادری یا گروہ کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی احتجاج کے دوران کشیدہ صورت حال پیدا ہوتی ہے تو امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری پولیس کی ہے۔ عوامی نمائندوں کو ہاتھ میں لاٹھی لے کر سڑک پر اترنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے سیاسی اختلافات کے باوجود تشدد اور کشیدگی پیدا کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی اور امن برقرار رکھنے پر زور دیا۔

