تیجسوی پرکاش اور ایلویش یادو کے تعلقات میں تلخی

تاثیر 04 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

رئیلٹی شو ’پلے گراؤنڈ 5‘ میں ایلویش یادو اور تیجسوی پرکاش کی دوستی نے ابتدا میں ناظرین کی خاصی توجہ حاصل کی تھی۔ ایلویش، کرن کندرا کو اپنا بھائی مانتے ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے شو کے دوران مذاقاً تیجسوی کو ’بھابھی‘ بھی کہا تھا۔ تاہم اب دونوں کے درمیان تعلقات میں تلخی نظر آنے لگی ہے۔
حال ہی میں شو کے دوران دونوں کے درمیان شدید بحث ہوئی، جس کے بعد تیجسوی نے ایلویش پر قابل اعتراض مواد بنانے کا الزام لگایا۔ اسی دوران دونوں کی بحث کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد ایلویش نے ایکس پر متعدد پوسٹس کے ذریعے تیجسوی کو بالواسطہ طور پر نشانہ بنایا۔
ایلویش نے الزام لگایا کہ شو کے سیٹ سے ویڈیو لیک کرکے اسے سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر قومی ٹیلی ویژن پر ان کے بارے میں ’لڑکا-لڑکی‘ والا زاویہ بنانے کی کوشش کی جائے گی تو وہ اسے قبول نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر معاملے میں جنس کی بنیاد پر زاویہ پیش کرنا درست نہیں ہے۔