تاثیر30 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 30 ستمبر: ضلع ڈوڈہ کے مرمت کے دور افتادہ علاقے دیدنی میں تقریباً تین سال قبل تعمیر کیا گیا بی ایس این ایل موبائل ٹاور تاحال فعال نہ ہونے کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق ٹاور کی تعمیر 2023-24 میں مکمل ہونے کے ساتھ سولر پینل بھی نصب کیے گئے تھے، تاہم ابھی تک موبائل سروس شروع نہیں کی گئی۔مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ٹاور فعال ہونے سے دیدنی کے علاوہ مرمت اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو بھی موبائل رابطے کی سہولت حاصل ہو سکتی ہے۔ نیٹ ورک نہ ہونے کی وجہ سے طلباء ، کاروباری افراد اور عام شہریوں کو فون کال، آن لائن تعلیم، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور ہنگامی حالات میں رابطے کے لیے دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
لوگوں کے مطابق موجودہ صورتحال میں انہیں فون کرنے کے لیے جنگلات یا اونچی جگہوں کا رخ کرنا پڑتا ہے، جبکہ سردیوں میں برف باری کے دوران یہ مسئلہ مزید سنگین ہوجاتا ہے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ دیدنی میں واقع درگا مندر میں آنے والے یاتری اور دیگر افراد کو بھی موبائل نیٹ ورک نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات پیش آتی ہیں۔مقامی باشندوں کے مطابق ٹاور کی تعمیر کے لیے تریاتھ رام نے اپنی زمین مفت فراہم کی تھی، تاکہ علاقے کے لوگوں کو مواصلاتی سہولت میسر آسکے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کے باوجود ٹاور کو فعال نہ کیے جانے سے تقریباً 1500 افراد متاثر ہو رہے ہیں۔

