تاثیر30 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 30 ستمبر: اپوزیشن جماعتوں کے انڈیا اتحاد نے الیکشن کمیشن اور ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اتحاد میں شامل جماعتیں 2 سے 8 اکتوبر تک ملک بھر میں مارچ نکالیں گی۔ 6 اکتوبر کو اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ الیکشن کمیشن تک مارچ کریں گے۔ اتحاد نے ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر کے ذریعے ووٹنگ کرانے اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
بدھ کو یہاں کانسٹی ٹیوشن کلب میں انڈیا اتحاد کی آٹھویں میٹنگ تقریباً تین گھنٹے تک چلی۔ میٹنگ میں ایس آئی آر، ای وی ایم-وی وی پیٹ، ووٹر لسٹ اور چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں کانگریس، سماج وادی پارٹی، ترنمول کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ)، شیوسینا (ادھو ٹھاکرے گروپ)، راشٹریہ جنتا دل، سی پی ایم، سی پی آئی، جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، جھارکھنڈ مکتی مورچہ، سی پی آئی (ایم ایل)، انڈین یونین مسلم لیگ، کیرالہ کانگریس (ایم)، ایم ڈی ایم کے، وی سی کے، آر ایس پی، کیرالہ کانگریس (جے) اور آل انڈیا فارورڈ بلاک سمیت 20 اپوزیشن سیاسی جماعتیں شامل ہوئیں۔
میٹنگ کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اتحاد کی تمام جماعتیں ان معاملات پر مل کر لڑائی لڑیں گی۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے الیکشن کمیشن کو کٹھ پتلی بنا دیا ہے اور بی جے پی الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر ووٹ چوری کر رہی ہے۔ انتخابات میں لوگوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر کے ذریعے ووٹنگ کرائی جانی چاہیے۔

